نئی دہلی، 26؍اگست(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)دہلی ہائی کورٹ نے مہاراشٹر نونرمان سینا (ایم این ایس)کے سربراہ راج ٹھاکرے کو دی گئی سیکورٹی کو واپس لینے کے مطالبہ کو لے کر دائر کی گئی ایک درخواست پر سماعت سے انکار کر دیا کیونکہ مرکز نے کہا کہ ان کی سیکورٹی کا خیال ریاستی حکومت رکھ رہی ہے۔چیف جسٹس جی روہنی اور جسٹس سنگیتا ڈھینگرا سہگل کی بنچ نے کہا کہ وزارت داخلہ کے مطابق اس کا ٹھاکرے کی سیکورٹی سے کوئی لینا دینا نہیں ہے، ایسے میں ایم این ایس سربراہ کی سیکورٹی واپس لینے کا سوال ہی پیدانہیں ہوتا، جس کی مطالبہ درخواست گزار نے کیا ہے۔بنچ نے کہاکہ وزارت کے بیان کو دیکھتے ہوئے ہم لوگ اس مفاد عامہ کی عرضی پر غور نہیں کر سکتے۔اس نے ساتھ ہی کہاکہ یہ مفاد عامہ سے جڑا مسئلہ نہیں ہے، جس میں عدالت کی مداخلت کی ضرورت ہوتی ہے۔عدالت نے اس درخواست کی سماعت سے انکار کر دیا، جس میں الزام لگایا گیا ہے کہ ٹھاکرے کو حکومت کی جانب سے ’وائی ‘زمرے کی سیکورٹی دی گئی ہے، جسے واپس لیا جانا چاہیے کیونکہ وہ نہ ہی کسی آئینی عہدے پر ہیں اور نہ ہی ممبر اسمبلی ہیں۔بنچ نے میں نفر ت آمیز تقریر کرنے والے یا مجرمانہ مقدمات کا سامنا کرنے والے لوگوں کو تحفظ فراہم کرائے جانے کو لے کر مرکز کو ہدایت جاری کرنے سے بھی انکار کر دیا۔بنچ نے کہا کہ اگر درخواست گزار عدالت کے فیصلہ سے مطمئن نہیں ہے تو وہ قانون میں موجود دیگر اقدامات کا سہارا لے سکتا ہے ۔